وجے مالیاکی واپسی کے تئیں پرامید،رام مندرکوانتخابی ایشونہ بنانے کاعندیہ
نئی دہلی 18جون(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)مرکزی وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے عام آدمی پارٹی اور اروندکجریوال کے خلاف براہ راست حملہ بولا ہے۔انہوں نے کجریوال پر اشتہارات کے فنڈ کا استعمال میڈیا سے جوڑ توڑ کرنے میں خرچ کرنے کا الزام لگایا ہے۔جیٹلی نے ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا کہ دہلی حکومت’’دوستانہ تعلقات‘‘والے چینلز،اخبارات کواشتہارات دیتی ہے۔وہیں پرتنقید کرنے والے میڈیا ہاؤس کواشتہار نہیں دیا جاتا۔جیٹلی نے بھارت میں مطلوب وجے مالیا کو محفوظ پناہ دینے کے لئے برطانوی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں حالت یہ ہے کہ اگر آپ ایک قانونی پاسپورٹ لے کروہاں پہنچتے ہیں تو وہ اس ملک سے نہیں نکالیں گے۔ہمیں اس شخص کو واپس لانے کے لئے حوالگی معاہدہ کا استعمال کرناہوگا۔اس معاملے میں برطانیہ بہت سست کام کرتا ہے۔جیٹلی نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ برطانوی حکومت یہ سمجھے گی کہ ایک ملک کے مفرور کو کسی اور ملک میں پناہ نہیں مل سکتی۔یہ تہذیب نہیں ہے۔عوامی زندگی میں برطانیہ کی تہذیب کی سطح بہت بلند ہے، لیکن اس صورت میں یہ ان کی تہذیب توقطعی نہیں ہے۔اطلاعات ونشریات کی وزارت کا کام سنبھال رہے جیٹلی نے اشاروں میں کہا کہ آنے والے دنوں میں تنازعات سے گھرے سی بی ایف سی کے سربراہ پہلاج نہلانی کے پرکترے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت فلم سرٹیفیکیشن کی سمت میں جلد ہی ایک نئی پالیسی کا اعلان کرنے والی ہے۔اگلے سال یوپی میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے بارے میں جیٹلی نے کہا کہ رام جنم بھومی مندر کی تعمیر کو انتخابی مسئلہ نہیں بنایا جائے گا۔یوپی میں فتح کے لیے بی جے پی پولرائزیشن کی کوشش بھی نہیں کرے گی۔انہوں نے کہا کہ اگر کیرانہ سے فرار کا کوئی ثبوت ملتا ہے تو یہ اہم مسئلہ ہے۔ریاستی حکومت کو اس پر توجہ دینا چاہئے۔